Leviticus 6

رب نے موسیٰ سے کہا،
”ہو سکتا ہے کسی نے گناہ کر کے بےایمانی کی ہے، مثلاً اُس نے اپنے پڑوسی کی کوئی چیز واپس نہیں کی جو اُس کے سپرد کی گئی تھی یا جو اُسے گروی کے طور پر ملی تھی، یا اُس نے اُس کی کوئی چیز چوری کی، یا اُس نے کسی سے کوئی چیز چھین لی،
یا اُس نے کسی کی گم شدہ چیز کے بارے میں جھوٹ بولا جب اُسے مل گئی، یا اُس نے قَسم کھا کر جھوٹ بولا ہے، یا اِس طرح کا کوئی اَور گناہ کیا ہے۔
اگر وہ اِس طرح کا گناہ کر کے قصوروار ٹھہرے تو لازم ہے کہ وہ وہی چیز واپس کرے جو اُس نے چوری کی یا چھین لی یا جو اُس کے سپرد کی گئی یا جو گم شدہ ہو کر اُس کے پاس آ گئی ہے
یا جس کے بارے میں اُس نے قَسم کھا کر جھوٹ بولا ہے۔ وہ اُس کا اُتنا ہی واپس کر کے 20 فیصد زیادہ دے۔ اور وہ یہ سب کچھ اُس دن واپس کرے جب وہ اپنی قصور کی قربانی پیش کرتا ہے۔
قصور کی قربانی کے طور پر وہ ایک بےعیب اور قیمت کے لحاظ سے مناسب مینڈھا امام کے پاس لے آئے اور رب کو پیش کرے۔ اُس کی قیمت مقدِس کی شرح کے مطابق مقرر کی جائے۔
پھر امام رب کے سامنے اُس کا کفارہ دے گا تو اُسے معافی مل جائے گی۔“
رب نے موسیٰ سے کہا،
”ہارون اور اُس کے بیٹوں کو بھسم ہونے والی قربانیوں کے بارے میں ذیل کی ہدایات دینا: بھسم ہونے والی قربانی پوری رات صبح تک قربان گاہ کی اُس جگہ پر رہے جہاں آگ جلتی ہے۔ آگ کو بجھنے نہ دینا۔
صبح کو امام کتان کا لباس اور کتان کا پاجامہ پہن کر قربانی سے بچی ہوئی راکھ قربان گاہ کے پاس زمین پر ڈالے۔
پھر وہ اپنے کپڑے بدل کر راکھ کو خیمہ گاہ کے باہر کسی پاک جگہ پر چھوڑ آئے۔
قربان گاہ پر آگ جلتی رہے۔ وہ کبھی بھی نہ بجھے۔ ہر صبح امام لکڑیاں چن کر اُس پر بھسم ہونے والی قربانی ترتیب سے رکھے اور اُس پر سلامتی کی قربانی کی چربی جلا دے۔
آگ ہمیشہ جلتی رہے۔ وہ کبھی نہ بجھنے پائے۔
غلہ کی نذر کے بارے میں ہدایات یہ ہیں: ہارون کے بیٹے اُسے قربان گاہ کے سامنے رب کو پیش کریں۔
پھر امام یادگار کا حصہ یعنی تیل سے ملایا گیا مٹھی بھر بہترین میدہ اور قربانی کا تمام لُبان لے کر قربان گاہ پر جلا دے۔ اِس کی خوشبو رب کو پسند ہے۔
ہارون اور اُس کے بیٹے قربانی کا باقی حصہ کھا لیں۔ لیکن وہ اُسے مُقدّس جگہ پر یعنی ملاقات کے خیمے کی چاردیواری کے اندر کھائیں، اور اُس میں خمیر نہ ہو۔
اُسے پکانے کے لئے اُس میں خمیر نہ ڈالا جائے۔ مَیں نے جلنے والی قربانیوں میں سے یہ حصہ اُن کے لئے مقرر کیا ہے۔ یہ گناہ کی قربانی اور قصور کی قربانی کی طرح نہایت مُقدّس ہے۔
ہارون کی اولاد کے تمام مرد اُسے کھائیں۔ یہ اصول ابد تک قائم رہے۔ جو بھی اُسے چھوئے گا وہ مخصوص و مُقدّس ہو جائے گا۔“
رب نے موسیٰ سے کہا،
”جب ہارون اور اُس کے بیٹوں کو امام کی ذمہ داری اُٹھانے کے لئے مخصوص کر کے تیل سے مسح کیا جائے گا تو وہ ڈیڑھ کلو گرام بہترین میدہ پیش کریں۔ اُس کا آدھا حصہ صبح کو اور آدھا حصہ شام کے وقت پیش کیا جائے۔ وہ غلہ کی یہ نذر روزانہ پیش کریں۔
اُسے تیل کے ساتھ ملا کر توے پر پکانا ہے۔ پھر اُسے ٹکڑے ٹکڑے کر کے غلہ کی نذر کے طور پر پیش کرنا۔ اُس کی خوشبو رب کو پسند ہے۔
یہ قربانی ہمیشہ ہارون کی نسل کا وہ آدمی پیش کرے جسے مسح کر کے امامِ اعظم کا عُہدہ دیا گیا ہے، اور وہ اُسے پورے طور پر رب کے لئے جلا دے۔
امام کی غلہ کی نذر ہمیشہ پورے طور پر جلانا۔ اُسے نہ کھانا۔“
رب نے موسیٰ سے کہا،
”ہارون اور اُس کے بیٹوں کو گناہ کی قربانی کے بارے میں ذیل کی ہدایات دینا: گناہ کی قربانی کو رب کے سامنے وہیں ذبح کرنا ہے جہاں بھسم ہونے والی قربانی ذبح کی جاتی ہے۔ وہ نہایت مُقدّس ہے۔
اُسے پیش کرنے والا امام اُسے مُقدّس جگہ پر یعنی ملاقات کے خیمے کی چاردیواری کے اندر کھائے۔
جو بھی اِس قربانی کے گوشت کو چھو لیتا ہے وہ مخصوص و مُقدّس ہو جاتا ہے۔ اگر قربانی کے خون کے چھینٹے کسی لباس پر پڑ جائیں تو اُسے مُقدّس جگہ پر دھونا ہے۔
اگر گوشت کو ہنڈیا میں پکایا گیا ہو تو اُس برتن کو بعد میں توڑ دینا ہے۔ اگر اُس کے لئے پیتل کا برتن استعمال کیا گیا ہو تو اُسے خوب مانجھ کر پانی سے صاف کرنا۔
اماموں کے خاندانوں میں سے تمام مرد اُسے کھا سکتے ہیں۔ یہ کھانا نہایت مُقدّس ہے۔
لیکن گناہ کی ہر وہ قربانی کھائی نہ جائے جس کا خون ملاقات کے خیمے میں اِس لئے لایا گیا ہے کہ مقدِس میں کسی کا کفارہ دیا جائے۔ اُسے جلانا ہے۔